نئی دہلی،2؍جنوری (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )عام آدمی پارٹی دو بیرونی امیدواروں کو راجیہ سبھا بھیجنے کو تیار نظر آرہی ہے۔ ذرائع کے حوالے سے دو ناموں کا پتہ چلا ہے جنہیں پارٹی راجیہ سبھا بھیج سکتی ہے۔ پہلا نام ہے سشیل گپتا کا جو دہلی کے بڑے کاروباری ہیں۔ دہلی میں ان کا اسکول اور ہسپتال بھی ہے۔ یہ پہلے کانگریس میں تھے اور ایک ماہ پہلے ہی کانگریس سے استعفیٰ دیا تھا۔ دوسرا نام نوین گپتا کا سامنے آ رہا ہے جو پیشے سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں اور فی الحال دی انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ آف انڈیا کے نائب صدر ہیں۔ ذرائع کے مطابق بدھ کو اروند کجریوال نے پارٹی کے ممبران اسمبلی کی میٹنگ بلائی ہے جس میں راجیہ سبھا الیکشن پر گفتگوکی جائے گی ۔کل ہی عام آدمی کی پی اے سی کے اجلاس کے بعد ان ناموں کا اعلان ہو سکتا ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ سنجے سنگھ کا نام پہلے سے ہی طے ہے۔ 5 جنوری کو راجیہ سبھا کے لیے نامزدگی کی آخری تاریخ ہے۔ اگر عام آدمی پارٹی ان دونوں ناموں پر فیصلہ کرتی ہے تو یہ پارٹی کے سینئر لیڈر کمار وشواس کے لیے بڑادھچکاتصورکیاجائے گا۔ اگرچہ عام آدمی پارٹی پہلے سے کہہ رہی تھی کہ راجیہ سبھا میں وہ مختلف شعبوں کے پیشہ ورافرادکوبھیجناچاہتی ہے۔ لیکن کسی بھی نام پر اتفاق طے نہیں ہو پائی۔ وہیں راجیہ سبھا میں جانے کے لیے پارٹی کے اندربھی جم کرگروپ بندی شروع ہو گئی تھی۔ آخر کارتین میں سے 1 سیٹ کے لیے سنجے سنگھ کا نام طے کر دیا گیا تھا۔